تحریک انصاف کی حکومت نے قرضے میں مزید دوہزار ارب روپے اضافہ کردیا :محمد زبیر کا دعویٰ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیرنے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی کابینہ کی کارکردگی سب سے خراب ہے ، مسلم لیگ ن کے قرض لینے کے حوالے سے تحریک انصاف غلط بیانی کرتی ہے ،تحریک انصاف کی حکومت دس ہزار ارب مزیدقرضہ لے گی جبکہ اس وقت ملک پر دوہزار ارب قرضہ مزید بڑھ چکاہے ۔
دنیانیوز کے پروگرام ”آن دافرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سوائے ڈالر کی کمی کے سب کچھ ٹھیک چھوڑ کرگئی، اگر میں وزیر خزانہ ہوتا تو ان چیزوں کونہ چھڑتاجو مثبت چل رہی تھی ، کچھ باتوں پر عمل کرکے ڈالر کی کمی پر آسانی کے ساتھ قابو پایا جاسکتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قرض لینے کے حوالے سے تحریک انصاف غلط بیانی کرتی ہے ، ہم نے 24ہزار بلین قرض لیا تھا باقی چھ ہزار بلین پرائیویٹ سیکٹر کا تھا جس حکومت کا کوئی تعلق نہیں تھا ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت دس ہزار بلین مزیدقرضہ لے گی جبکہ اس وقت ملک پر دوہزار قرضہ مزید بڑھ چکاہے ۔
ان کاکہناتھا کہ پنجاب حکومت کی اپنی ذمہ داری ہے کہ وہ اپناحصہ کہاں خرچ کرتی ہے ؟ چاہے وہ تعلیم پرخرچ کرے یاٹرینوں پر کرے ؟شہبازشریف کوپکڑے ستر دن ہوچکے ہیں اور اب کہہ دیا گیاہے کہ ہمارے پاس شہبازشریف کی کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان اوران کی کابینہ کی کارکردگی سب سے خراب ہے ، حکومت کو سنجیدگی کے ساتھ معاشی پالیسی بنانی چاہئے ،حکومت کے قول و فعل میں تضاد ہے اور وزراءکی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں ہے ۔