مالیاتی بحران کی وجہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا روپے کوچار سال تک مصنوعی طورپر مضبوط رکھناہے :ہمایوں اختر خان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ اٹھارہ بلین کا خسارہ تحریک انصاف نے نہیں پیدا کیا ، موجودہ مالیاتی بحران کی وجہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا چار سال تک مصنوعی طور پر روپیہ کو مضبوط رکھنا ہے۔
دنیانیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ڈالر مہیا کرنا ہے ، یہ پرائیویٹ سیکٹر کی ذمہ داری نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ابھی ایک سو پانچ دن ہوئے ہیں اور اٹھارہ بلین کا خسارہ تحریک انصاف نے نہیں پیدا کیا تھا، یہ قرضہ لینے کے بدلے میں پیدا ہوا اور اب اس کوتحریک انصاف کی حکومت نے پورا کرناہے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مالیاتی بحران کی وجہ چار سال تک مصنوعی طور پر روپیہ کو مضبوط رکھنا ہے ، اسٹیٹ بینک ایک خود مختار ادارہ ہے ، اس لئے ہوسکتا ہے کہ وزیراعظم کو ان ڈالر کی قیمت میں اضافے کاپتہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مرغیوں اور انڈوں کے ذریعے ہم غریبوں کو خوشحال کرناچاہتے ہیں۔