تحریک انصاف کی حکومت نے مقاصد کے حصو ل کیلئے سنجیدگی سے کام کیا :سربراہ پلڈاٹ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سربراہ پلڈاٹ احمد بلال صوفی نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے بہت سنجیدگی سے کام کیاہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے احمد بلال صوفی نے کہا کہ عمران خان نے وزرا ءکی کارکردگی جاننے کے حوالے سے اچھا اقدام کیا ہے اور اس کا مستقبل میں جاری رہنا اس سے بھی اچھی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی حکومتیں اس قسم کے اعلانات کرتی رہی ہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت پہلی حکومت ہے جس نے اس حوالے سے عملی اقدام کیاہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دورحکومت میں ہر ہفتے ایک میٹنگ ہوئی ہے ، یہ بہت اہم اوراچھی بات ہے ، وفاقی حکومت کے اصول و ضوابط میں بھی یہ درج ہے کہ ہر ہفتے کابینہ کااجلاس ہونا چاہئے ۔ان کا کہناتھا کہ حکومت نے ٹارگٹ حاصل کئے ہیں یا نہیں لیکن اس حکومت نے ٹارگٹ حاصل کرنے کے حوالے سے بہت سنجیدگی سے کام کیاہے ، اس وقت تک وزراءاور وزارتیں اپنے کام میں سنجیدہ اور کارکردگی دکھانے کے حوالے سے بھی سنجیدہ ہیں۔