ن لیگ کی ساری قیادت بھاگ گئی ہے ، عندلیب عباس کا دعویٰ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہاہے کہ ن لیگ کی ساری قیادت بھاگ گئی ہے ، شہباز شریف بھی پارٹی چھوڑ کر لندن چلے گئے ہیں، نواز شریف کے گھر کے باہرپیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتی ہوں۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“میں گفتگو کرتے ہوئے عندلیب عباس نے کہا کہ ن لیگ کی ساری قیادت بھاگ گئی ہے ، شہباز شریف بھی پارٹی چھوڑ کر لندن چلے گئے ہیں۔ نواز شریف کے گھر کے باہرپیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فلیٹ لوٹا ہوا ہو یا اپنا کسی کوقانون ہاتھ میں نہیں لیناچاہئے ۔لند ن میں یہ مظاہرے پہلی مرتبہ نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اورمریم نواز مجرم ہیں اور سپریم کورٹ نے فیصلے دیئے ہوئے ہیں اور سچ کوسچ کہناہوتوکڑوا پن تو ضرور ہوتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سخت رویے کی صرف ایک وجہ ہے کہ نیب کے وہ کیسز کھل گئے ہیں جو دس سال سے دبے ہوئے تھے تو اس وقت سب کچھ ٹھیک تھا ، نیب بھی برا نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان مقدمات کودبا لیا جائے تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر صرف یہ بات ہوتی ہے کہ ہمیں جیل میں کیوں ڈالا؟ پھر شور مچ جاتاہے اور پھر واک آﺅٹ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے ایوان میں کوئی کارروائی نہیں ہوپاتی ۔