اوچشریف‘ 2کمرے‘3صرف استا د‘ گورنمنٹ مڈل سکول بیٹ شکر انی لاوارث 

اوچشریف‘ 2کمرے‘3صرف استا د‘ گورنمنٹ مڈل سکول بیٹ شکر انی لاوارث 

  



اوچ شریف ( سٹی رپورٹر ) اوچ شریف میں گورنمنٹ مڈل سکول بیٹ شکرانی میں 250 طلباؤ طالبات کے لئے 2 خستہ حال کمرے اور  صرف 3 استاد ہیں، تعلیمی ترقی کا حصول خواب بن کر رہ گیا،   تفصیل کے مطابق اوچ شریف مرکز کے سکول گورنمنٹ مڈل سکول بیٹ شکرانی میں زیر (بقیہ نمبر55صفحہ7پر)

تعلیم بچوں کے والدین نے صدر النور ویلفیئر آرگنائزیشن اوچ شریف زبیر خان نیازی کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹ شکرانی اور مضافات کے ہزاروں مکینوں کے لئے واحد سکول گورنمنٹ مڈل سکول بیٹ شکرانی مسائل کا شکار ہے، سردار عبد الستار خان شکرانی، محمد خان، سلیم خان ماسٹر محمود، اسلم خان، ملک اللہ ڈتہ نے بتایا کہ اس سکول میں 250 طلباء  و طالبات زیر تعلیم ہیں مگر انہیں پڑھانے کے لئے صرف 3 استاد اور اس کی عمارت 2 کمروں پر مشتمل ہے جو کہ انتہائی ناکافی ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اپنے فارمولے کے مطابق ایک استاد 30 بچوں کو پڑھا سکتا ہے، مگر یہاں ایک استاد 80 سے 85 بچوں کو پڑھا رہا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے، ایسے حالات میں تعلیمی ترقی کے حصول کے دعوے محض دعوے ہی رہ گئے ہیں، اتنی بڑی تعداد میں بچوں کے لئے سکول کی عمارت صرف 2 کمروں پر مشتمل ہے، وہ بھی انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں اور کسی بھی وقت زمین بوس ہوسکتے ہیں،  سکول میں ڈیسک فرنیچر کی سہولت بھی میسر نہیں  سردی، گرمی بارش کے سخت موسمی حالات میں بچے کھلے اسمان تلے زمین پر  بیٹھنے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو اس حوالہ سے کئی مرتبہ درخواستیں دیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی، اس سکول کے اطراف 8 سے 10 کلو میٹر تک کوئی بھی سکول  نہیں، بچے دور دور سے تعلیم کے حصول کے لئے آتے ہیں اور اسٹاف کی کمی اور عمارت سمیت بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث بیٹھ بیٹھ کر واپس چلے جاتے ہیں، اہل علاقہ نے بتایا کہ صدر النور ویلفیئر آرگنائزیشن زبیر خان نیازی کی جانب سے 2 پرائیویٹ اساتذہ تعینات کئے گئے ہیں مگر بچوں کی تعداد کے مطابق ابھی بھی اسٹاف اور عمارت  انتہائی ناکافی ہے، صدر النور ویلفیئر آرگنائزیشن زبیر خان نیازی اور بچوں کے والدین نے ڈپٹی کمشنر، سی ای او ایجوکیشن بہاول پور سے فوری نوٹس لیکر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

لاوارث 

مزید : ملتان صفحہ آخر