ٹورازم کارپوریشن کی سیاحتی وثقافتی نمائش کامیابی سے اختتام پذیر
پشاور(سٹی رپورٹر)ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کا صوبے کی سیاحت و ثقافت کو دنیا اور شہریوں میں اجاگر کرنے کیلئے لگایا گیا پویلین کامیابی سے مکمل ہو گیا، پویلین میں مختلف دستکاری سٹالز سمیت وائلڈ لائف، ایف سی خٹک ڈانس، رباب منگے، قہوہ خانہ، ایڈونچر ٹورازم سٹال سمیت اور بہت کچھ سجایا گیا تھا، شہریوں کی کثیر تعداد نے جہاں خیبرپختونخوا پویلین کا رخ کیا تو دوسری جانب ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے سیاحت و ثقافت کی رونمائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا،ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی جانب سے خیبرپختونخوا پویلین میں سیاحتی مقامات کی رونمائی کیلئے ڈاکومنٹریز نشر کرنے سمیت،کیلاش کمیونٹی بارے آگاہی کیلئے کیلاشی خواتین ڈیسک،صوبے میں موجود جنگلی حیات کی حفاظت اوراہمیت کیلئے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ ڈیسک اور دیگر سٹالز لگائے گئے ہیں، ایکسپو میں ٹورازم کارپوریشن نے صوبہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات بارے معلومات،ان کی جانب سیاحوں کو راغب کرنے،معلومات کی آگاہی کیلئے انفارمیشن ٹورازم ڈیسک سمیت صوبہ کے مختلف شہروں کی ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے یکجا کیا ہے،میلے میں ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواصوبائی ثقافت پر مبنی مختلف سٹالز سجائے ہیں جن میں سواتی شالز،پشاوری چپل،قصہ خوانی بازار کا مشہور دھات کی بنی اشیاء،قراقل ٹوپیاں،مٹی کے برتنوں کا سٹال، سنگ مرمر اور پتھروں سے بنی اشیاء،زری دستکاری،گندم بھوسے کا آرٹ اور دیگر سٹالز لگائے گئے ہیں، پویلین آنے والے سیاحوں کیلئے صوبے کی روایتی موسیقی کیلئے رباب منگے جبکہ ساتھ سیاحوں کو محظوظ کرنے کیلئے خٹک ڈانس پرفارمنس بھی پیش کی گئی،منیجنگ ڈائریکٹرٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان نے کہا کہ ایکسپومیں شرکت کا مقصدخیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات، صوبائی ثقافت سمیت دیگر قیمتی اثاثوں کی ملک بھر میں رونمائی کرنا اور سیاحوں کو صوبے کی جانب راغب کرنا ہے جبکہ ساتھ ہی صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت کی جانب سے سیاحت کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے سیاحوں اور شہریوں کو آگاہ کرنا ہے،ایکسپو کے آخری روز شہریوں کی کثیر تعداد نے پویلین کا رخ کیا جبکہ ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے صوبے کے سیاحتی مقامات بارے معلومات، آگاہی اور دیگر اقدامات کو سراہا اور اپنے خیالات کو لفظوں کی شکل میں کمنٹس بک میں بھی لکھا،شہریوں کا بھی کہنا تھا کہ سیاحتی براؤشرز اور اس نمائش میں شرکت سے جہاں اپنے صوبے کی سیاحت و ثقافت بارے معلومات ملی ادھر ہی یہاں جانے کی بھی خواہش پیدا ہو گئی ہے