مہمند،بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولوں کے درجنوں اساتذہ کا مظاہرہ
مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولوں کے درجنوں اساتذہ کا 6 ماہ سے بند تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرین کا غلنئی بازار میں واک۔ اپنے مطالبات کے حق میں پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند غلنئی بازار میں مہمند پریس کلب کے سامنے بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولوں کے اساتذہ نے احتجاجی واک اور مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔ جس پر اُن کے 6 ماہ سے بند تنخواہوں کی ادائیگی اور ان کی نوکریاں ریگولر کرنے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آل بیسک ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع مہمند کے صدر نثار احمد، ارشاد علی، فضل وہاب اور زیارت خان نے کہا کہ ان کے سکولوں کو قائم ہوئے 25 سال مکمل ہوئے، ہائی کورٹ نے انہیں ریگولر کرنے کے حق میں فیصلہ بھی دیا ہے تا ہم پھر بھی ان کو مستقل نہیں کیا جا رہا ہے۔ اور صرف آٹھ ہزار روپے تنخواہ دیا جاتا ہے۔ اور وہ بھی گزشتہ 6 ماہ سے بند پڑے ہیں۔