ڈیرہ،پولیس میں ڈ یجیٹل انوسٹی گیشن او ر جی ایس ایم موبائل سروس کا قیام آخری مرحلہ میں داخل
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)حافظ واحد محمودکی کوششوں سے ڈیرہ اسماعیل خان میں جدید ٹیکنالوجی نظام سے آراستہ ڈیجیٹل انوسٹی گیشن لیب اور جی ایس ایم موبائل سروس کا قیام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔ڈی پی او آفس میں قائم ڈیجیٹل لیب سروس کی ڈیٹا بیس کے دفتر کے قیام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز ڈی پی او کیپٹن (ر)حافظ واحد محمود نے دفتر کا دورہ کیا اور انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔ انہوں نے قائم ہونیوالی نئی لیب میں موجود سٹاف سے ملاقات کی اور لیب میں موجود کمپیوٹرز سمیت دیگرجدید آلات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر سٹاف کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس اہم کام کو فوری طور پر دن رات ایک کرکے مکمل کریں تاکہ عوام تک اس کے ثمرات جلد سے جلد پہنچ سکیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او کیپٹن (ر)حافظ واحد محمودنے بتایا کہ پولیس کی شعبہ انوسٹی گیشن میں دور حاضر کی تقاضوں کے عین مطابق ایسے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جسکی بدولت پولیس کے تفتیشی نظام میں مثبت پیشرفت ہوگی اور پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگا۔ڈی پی او نے بتایا کہ پہلی مرتبہ پولیس فورس کی انتظامی اور تفتیشی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید کمپیوٹرائزڈ نظام پر مشتمل ڈیجیٹل انوسٹی گیشن لیب اور جی ایس ایم موبائل سروس کے ذریعے مقدمات کی تفتیش میں اس حد تک آسانی پیدا ہوگی کہ پولیس کو تمام نوعیت کی مقدمات اور دیگر کیسز میں مجرمان تک رسائی میں نہ صرف آسانی ہوگی بلکہ اس نظام کی مدد سے ایک ایس ایم ایس کے ذریعے مجرمان کے شناختی کارڈز،موبائل نمبرات اور موجودگی کے مقام کی تلاش میں پیش آنیوالی مشکلات کا فوری حل نکال کر جرائم پیشہ افراد کے گرد قانون کی گرفت مزید مضبوط ہوگی اور پولیس کو تفتیش کے جدید طرز عمل سے استفادہ کرنے کے علاوہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میرٹ اور انصاف پر مبنی تقاضوں کے مطابق بروقت نمٹانے میں مزید سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس جدید لیب کا افتتاح ریجنل پولیس آفیسر لیفٹیننٹ (ر)سید امتیاز شاہ اپنے دست مبارک سے کرینگے۔