مردان میں ایکسائز او ر نارکاٹکس کے زیر اہتمام آگاہی واک

مردان میں ایکسائز او ر نارکاٹکس کے زیر اہتمام آگاہی واک

  



مردان(بیورورپورٹ) ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول مردان کے زیر اہتمام منشیات کے خلاف آگاہی واک نکالی گئی۔واک کی قیادت ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول افسر ارشد سعید،اسسٹنٹ ایکسائز افسر صاحبزادہ سجاد اور ارشد خان کررہے تھے۔واک کے شرکاء ایکسائز دفتر سے کچہری چوک تک گئے اور انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے خلاف نعرے درج تھے۔شرکاء زندگی سے پیار منشیات سے انکار کے نعرے لگاتے ہوئے کچہری چوک پہنچے جہاں خطاب کرتے ہوئے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول افسر ارشد سعید نے کہاکہ منشیات کے خلاف آگاہی واک کا مقصد لوگوں میں یہ شعور بیدار کر نا ہے کہ منشیات کے خلاف مہم میں ایکسائز اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول کا ساتھ دیں اور نئی نسل کو اس لعنت سے بچائیں۔انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو آئس کی لعنت سے بچانے کے لئے مردان میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ یونیورسٹی،کالجز اور سکولز میں آئس نشے کے حوالے سے آگاہی پروگرام جلد شروع کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت نے قانون سازی کی ہے جس کے تحت آئس اور چرس ڈیلرز کو پھانسی تک کی سزا دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مردان کو آئس اور دیگر منشیات سے پاک کرنے کے لئے ہماری کاروائیاں تیزی کے ساتھ جاری ہے لیکن عوام کے تعاون کے بغیر سو فیصد نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔انہوں نے کہاکہ نئی قانون سازی کے تحت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ایکسائز پولیس اسٹیشن بنائے جائیں گے اور انہیں مقدمات کے اندراج کا اختیار بھی دیدیا گیا ہے۔انہوں نے کہاہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر