آئی ٹی کے حوالے سے ای ایستھونیاماڈل اپنا نے غور کررہے ہیں، کامران بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و آئی ٹی کامران بنگش نے کہا ہے کہ پورے ملک میں آئی ٹی کے حوالے سے صوبہ خیبرپختونخوا سب سے آگے جا رہا ہے۔ ارلی ایج پروگرامنگ، انکیوبیشن سنٹرز، آئی ٹی پارکس، فری انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی سمیت شہری سہولت مراکز کا قیام اور پیپرلیس دفتری ماحول بنانے کے حوالے سے محکمہ سائنس و آئی ٹی نے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں جن کے فوائد سے عوام براہ راست مستفید ہو رہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے بھی محکمہ سائنس و آئی ٹی متحرک ہے اور اسی تناظر میں پشاور کے مختلف مقامات پر آلودگی ناپنے کے آلات نصب کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے ویڈیو لنک کے ذریعے ایستھونیا کی آئی ایک آئی ٹی ٹیم سے ملاقات میں کیا۔بین الاقوامی آئی ٹی پروگرام ای ایستھونیا کی ٹیم نے الین ڈوبیاس کی سربراہی میں وڈیو لنک میٹنگ میں معاون خصوصی کامران بنگش کوای ایستھونیا ماڈل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صوبائی معاون نے ایستھونیا آئی ٹی ماڈل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تیرہ لاکھ آبادی رکھنے والے ملک نے آج انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ساری دنیا میں ایک نام کمایا ہے جو قابل تعریف ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی ہم چاہتے ہیں کہ ایستھونیا آئی ٹی ماڈل کے طرز پر صوبے کو آگے برھائیں تاکہ اس سے عوامی امور بروقت نمٹانے، بہترین طرز حکمرانی اور شفافیت یقینی ہو۔اس موقع پر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سربراہ شہباز خان بھی موجود تھے۔ ای ایستھونیا ٹیم کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و آئی ٹی کامران بنگش کی عوام دوست اقدامات کی تعریف کی گئی اور مستقبل میں اپنے تجربات سے خیبرپختونخوا میں آئی ٹی کے حوالے سے ہر قسم تعاون مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔