خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع، میدیا کو روکنے پر جج پولیس پر برہم
لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے پیراگون سکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے راہنماخواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23دسمبر تک توسیع کردی،عدالت نے وکلاء اورمیڈیا کو کمرہ عدالت میں داخل ہونے سے روکنے پرایس پی سکیورٹی پرسخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ اوپن ٹرائل ہے،میڈیا کوکیوں روکاگیا؟کیوں نہ سخت حکم جاری کردیا جائے۔عدالت نے آئندہ سماعت پرکیس کے مزیدگواہوں کوشہادتوں کے لئے طلب کرلیاہے۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کے روبرومزید گواہوں نے بیانات قلمبند کرانے کے لئے پیش ہوئے، عدالت نے ایم این اے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا،دوران سماعت خواجہ سعد رفیق نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے کیس میں وکلاء اورمیڈیاکو عدالت میں آنے سے روکا جاتا ہے۔ہمارے کیس میں عوام سے حقائق چھپائے جارہے ہیں، جس پر فاضل جج نے وکلاء اورمیڈیا کو کمرہ عدالت آنے سے روکنے پرایس پی سکیورٹی پر برہمی کااظہار کیا، عدالت نے کہاکہ یہ اوپن ٹرائل ہے،میڈیا کوکیوں روکاگیا؟کیوں نہ سخت حکم جاری کردیا جائے۔فاضل جج نے حکم دیاکہ میڈیا اور وکلاء کو کمرہ عدالت میں آنے سے نہ روکا جائے،جس کے بعد عدالت نے مذکورہ بالاریمارکس کے ساتھ کیس کی سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کردی۔خواجہ برادران کوآمدن سے زائد اثاثوں اورپیرا گون سٹی میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزامات کاسامنا ہے۔
خواجہ برادران