اسلام میں تعصب اور منافرت کی گنجائش نہیں،مولانا طارق جمیل

    اسلام میں تعصب اور منافرت کی گنجائش نہیں،مولانا طارق جمیل

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)اسلام میں تعصب اور منافرت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام امن،محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ مسلمانوں کی فلاح ونجات اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے۔ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد،چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،وائس چیئرمین صاحبزادہ پیر جی خالد محمود قاسمی کی ملاقات۔ اس موقع پر معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اسلام کا پیغام امن وسلامتی ہے۔حضور اکرم ؐنے اپنی امت کیلئے دین اسلام کے بنیادی خدوخال کو واضح کردیا ہے۔ اللہ کے نبیؐ نے پوری انسانیت کو عزت واحترام میں مساوی قرار دیا ہے۔ اسلام کی نظر کی میں تمام لوگ آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ علماء کرام امت میں جوڑ پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار اداکریں۔ اس معاشرہ میں علماء کرام کی گرانقدر خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جو امن،سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مثالی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس وقت امت میں اتحاد کی ضرورت ہے اور معاشرے کے اندر محبت رواداری اور دوسروں کے ساتھ حسن سلوک اور درگزر کی دعوت عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں انتشار اور اختلافات سے بچنا ہوگا اور اسلام کے صحیح تشخص کو اور حضور ؐکی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا اور تمام مسائل کے حل کیلئے امت مسلمہ کو متحد کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔ امت میں نئے نئے ابھرنے والے فتنوں سے نوجوان نسل کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ وفد میں سید عبد القدیر،سید عبد النصیر،صاحبزادہ حسن قاسمی،صاحبزادہ حسین احمد قاسمی اور خواجہ جاوید اسلم بھی موجود تھے۔ 

 مولانا طارق جمیل

مزید : صفحہ آخر