ہمارا مستقبل تعلیمیا فتہ نوجوان طبقے کے معیار تعلیم، اخلاق اور حب الوطنی سے جڑا ہے 

ہمارا مستقبل تعلیمیا فتہ نوجوان طبقے کے معیار تعلیم، اخلاق اور حب الوطنی سے ...

  



صوابی(این این آئی)وفاقی وزیر سیفران و نارکوٹکس شہر یار خان آفریدی نے نوجوان نسل کو جدید اور اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان طبقے کے کوالٹی تعلیم، اخلاق اور حب الوطنی سے ہمارا مستقبل جُڑا ہوا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ٹوپی ضلع صوابی میں سہ روزہ نیشنل ملٹری ڈیفنس کنونشن کے افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔ جس میں مختلف یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے ماہرین، طلبہ و طالبات، جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ کے پرو ریکٹر اکیڈمکس پروفیسر جمیل النبی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ اگر کوئی قوم اپنے جوانوں کو اچھی تعلیم دینے میں ناکام ہو جاتی ہے تو اس میں شک نہیں کہ وہ ملک معاشی طور پر خوشحال اور سیاسی طور پر مستحکم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ پر ساری قوم کو فخر ہے کیونکہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات نے ملک و قوم کی ترقی میں کلیدی کر دارادا کیا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہے کہ جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ جیسے ورلڈ کلاس انسٹی ٹیوٹ میں پڑھ رہے ہیں۔دریں اثناء تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر شہر یار آفریدی نے صوابی الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن سے گفتگو کر تے ہوئے واضح کر دیا کہ پاکستان میں قانون سب کے لئے برابر ہے کوئی بھی اس سے مبرا نہیں۔ نواز شریف اپنے ملک آکر عدالتوں کا سامنا کریں قومی احتساب بیورو ایک خود مختار ادارہ ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہر سیاسی پارٹی جہاں بھی چاہے اپنے پارٹی کا اجلاس کر سکتا ہے اور یہ اس کا حق بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کو عملی جامہ پہنایا جائیگا پاکستان کو ایک مستحکم ملک بنائیں گے ملک کے حالات بہتری کی جانب جارہے ہیں آئندہ تین چار ماہ کے دوران مہنگائی میں کمی آجائے گی انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاررووائی کی جائے گی احساس پروگرام کے تحت 220ارب روپے اور یوٹیلیٹی سٹورز کو چھ ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے تاکہ ملک کے غریب عوام کو اشیائے خوردونوش میں ریلیف مل سکے انہوں نے کہا کہ پاکستان پر پہلے دیگر ممالک میں مداخلت کا الزام لگ رہا تھا لیکن اب دنیا کے دوسرے ممالک کے ساتھ حالات بہتر بنانے کے لئے اپنا کر دار ادا کر رہے ہیں پی ٹی آئی حکومت نے 14.7بلین ڈٖالر کا قرضہ ادا کیا۔ تقریب سے پرو ریکٹر اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹر جمیل النبی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جی آئی کے سوسائٹی انسٹی ٹیوٹ آف مکینکل انجینئرز کے انتھک کوششوں سے یہ کنونشن منعقد ہوا سوسائٹی کے تمام ممبرز نے دن رات محنت کی۔ تقریب سے سوسائٹی کے صدر اسامہ ذوالفقار نے بھی خطاب کیا۔

شہر یار آفریدی

مزید : صفحہ آخر