ملک کو ریاست مدینہ بنانا اساتذہ کی ذمہ داری، طلبہ کو رہنمائی فراہم کریں: ڈاکٹر قبلہ ایاز

  ملک کو ریاست مدینہ بنانا اساتذہ کی ذمہ داری، طلبہ کو رہنمائی فراہم کریں: ...

  



لاہور(این این آئی)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ پاکستان میں مدینے کی ریاست کے قیام کے لئے اساتذہ ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔ وہ شیخ زید اسلامک سنٹر میں مجلس فاضلین علوم اسلامیہ کے سالانہ اجلاس اور کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی ڈین فیکلٹی آف علوم اسلامیہ جامعہ پنجاب نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر حسن مدنی، صدر مجلس فاضلین علوم اسلامیہ ڈاکٹر مدثر احمد، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد علی ندیم اور فارغ التحصیل طلباء و اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اس دور میں اساتذہ علوم اسلامیہ کا مسلم کردار بہت اہم ہے۔ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے لئے مدینہ کی اسلامی ریاست سے متعلق رہنمائی فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تشخیص سماجی عدل، پاکیزہ کردار، صادق اور امین شخصیت اور پاکیزہ معیشت کے حامل افراد ہی مدینہ کی اسلامی ریاست کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر سعد صدیقی نے خطاب کر تے ہوہے کہا کہ ریاست مدینہ کا قیام اس وقت عصر حاضر کی اہم ترین ضرورت  ہے اور ہمارے پاس پہلے سے ماڈل اسلامی ریاست موجود ہے۔ ڈاکٹر مدثر احمد نے کہا کہ قرآن اور صاحب قرآن سے مضبوط تعلق جوڑ کر ہی استاد اپنا فرض ٹھیک طریقے سے ادا کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر حماد لکھوی نے کہا کہ فاضلین علوم اسلامیہ مدینہ کی ریاست کے لیے حقیقی نمائندے اساتذہ ہیں۔   پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ندیم نے کہا کہ اساتذہ علوم اسلامیہ ریاست مدینہ کے حوالے سے اس کے نظام حکومت، نظام مالیات، نظام معیشت، نظام اخلاقیات، داخلہ اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے بھرپور راہنمائی ادا کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز

مزید : صفحہ آخر