سرکاری ہسپتالوں کے ویسٹ کی خودربردمیں ملوث دوملزموں کی درخواست ضما نت خارج
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ہسپتالوں کے ویسٹ کی خورد برد میں ملوث دو ملزموں کی درخواست ضمانت خارج کردی، جس کے بعد نیب حکام نے دونوں ملزموں کو تحویل میں لے لیا۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزمان راجہ اصغراورحسن زاہد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، نیب وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان ہسپتالوں سے سرنجوں سمیت دیگر ویسٹ خریدتے تھے،ملزمان ہسپتالوں سے جتنا ویسٹ خریدتے سارا نہیں جلاتے تھے،ملزمان ہسپتالوں کا زیادہ تر ویسٹ آگے فروخت کر دیتے تھے،ہسپتالوں کا ویسٹ ری سائیکل کرکے مارکیٹ میں فروخت کر دیا جاتا تھا،نیب وکیل نے مزید آگاہ کیا کہ ری سائیکل ویسٹ سے تیار شدہ آلات کے استعمال سے بیماریاں پھیلتی ہیں، نیب وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرے جبکہ دوسری جانب ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان ہسپتالوں کے ویسٹ کے ٹھیکیدارتھے،جتنا ویسٹ ہسپتالوں سے اکٹھا کرتے وہ جلا دیتے تھے، نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر کیس بنا کر طلب کررکھا ہے،وکیل نے استدعا کی کہ عدالت عبوری ضمانت کو کنفرم کرے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کردی، ضمانت خارج ہونے پر نیب حکام نے دونوں ملزمان کو تحویل میں لے لیا۔