عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کر دیا، سینیٹر مولانا عطاء الرحمان

  عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کر دیا، سینیٹر مولانا عطاء الرحمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان پیر کے روز مختصر دورے پر مردان پہنچے جہاں انہوں نے شیخ الحدیث مولانا عبدا لرزاق کی وفات پرانکے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب اور بلند درجا ت کے لئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عبد الرزاق مرحوم کی اسلام کی سربلندی کے لئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں اور انہوں نے اللہ تعالیٰ اور حضرت محمد ﷺ کے احکامات کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کے لئے پوری زندگی وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے جمعیت علماء اسلام کے ساتھ ہر فورم پر آواز بلند کی۔مولانا عطاء الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر فروش ہے اور انہوں نے پوری امت مسلمہ کا استحقا ق مجروح کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کا ہے اور پاکستان کا رہے گا چاہے اس کے لئے جان دینا پڑی تو بھی دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ڈیڑھ سا ل میں موجودہ حکومت نے جتنا قرض لیا ہے اسکی مثال نہیں ملتی لیکن قرض لینے کے باوجود ملکی معیشت زبوں و خالی کا شکار ہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی سے عوام کی نیندیں حرام ہو گئی ہے اور آئے روز نئے ٹیکسز لگائے جا رہے ہیں جس سے عوام فاقوں پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں اسلامی نظا م کے نفاذ اور موجودہ حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے میدان میں موجود ہے اور اس حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا۔اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا امانت شاہ حقانی،نائب امیر مولانا تاج الامین جبل،سیکرٹری اطلاعات مولانا قیصر الدین اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔
مولانا عطاء الرحمان

مزید :

علاقائی -