گجرات پولیس فنڈز کرپشن کیس،ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

  گجرات پولیس فنڈز کرپشن کیس،ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

  



لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے گجرات پولیس فنڈز میں کروڑوں کی کرپشن کیس ملوث سابق ڈی پی اوکامران ممتاز سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 دسمبر تک توسیع کر دی۔عدالت نے نیب سے استفسار کیا کہ ملزمان کے خلاف ریفرنس کب دائر کریں گے؟جس پرنیب کے پراسیکیوٹرحافظ اسد اللہ نے کہاکہ ملزمان کے خلاف ریفرنس جلد دائر کردیا جائے گا،،عدالت کو بتایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کیس کے ایک ملزم پولیس افسررائے اعجاز کی درخواست ضمانت منظور کررکھی ہے۔ نیب کا موقف ہے کہ ملزمان ریکارڈ میں ردوبدل کر کے کروڑوں روپے کی خردبرد کرتے رہے،، ملزمان نے پینشنرز، شہدا فنڈز، تنخواہوں اور جعلی پٹرول رسیدوں سے کرپشن کی، جس پرنیب نے رائے اعجاز احمد کو کراچی سے گرفتار کیا۔

،رائے اعجاز احمد گرفتاری کے وقت سندھ میں بطور ایس ایس پی فرائض سرانجام دے رہے تھے،سابق ڈی پی او کامران ممتاز بھی بطور ڈی پی او گجرات تعینات رہے، ملزم کی تعیناتی کے دوران پولیس فنڈز میں مجموعی طور پر کروڑوں روپے کی مبینہ خردبرد کی گئی، سابق ایس پی محمد ریاض کو گجرات پولیس فنڈز میں جعلی بلوں کی مد میں 35 لاکھ روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا، ملزمان نے آپس کی ملی بھگت سے انویسٹی گیشنز، ڈویلپمنٹ، پنشن فنڈز کے علاوہ دیگر انتظامی معاملات میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا فراڈ کیاہے۔

مزید : علاقائی


loading...