مسلم لیگ (ن) نے حکومت سے پہلے اورنج ٹرین کا افتتاح کر ڈالا 

    مسلم لیگ (ن) نے حکومت سے پہلے اورنج ٹرین کا افتتاح کر ڈالا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن) نے صوبائی حکومت سے ایک روز قبل ہی اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا۔اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا مشہود نے کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے کی وجہ سے چین کے انجینئر ناراض ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے پرکام مکمل نہیں ہوا اور حکومت افتتاح کرنے جا رہی ہے جو ان کے جھوٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مہینوں نہیں ہفتوں میں اورنج لائن ٹرین کو مکمل کیا لیکن تحریک انصاف کی جانب سے عدالتوں میں جا کر وقت ضائع کیا گیا۔دوسری جانب پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو شرکت کی دعوت دیدی۔وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ شہباز شریف کا تھا اس لیے انہیں افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔جہانزیب کھچی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے روایات کے برعکس منصوبہ مکمل کیا، اب ٹرین چلے گی۔صحافی کی جانب سے شہباز شریف کی آمد پر گرفتاری سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے جہانزیب کھچی نے کہا کہ شہباز شریف ہمارے مہمان ہوں گے تاہم اگرکوئی ادارہ گرفتار کر لے تو میرا کوئی تعلق نہیں۔اورنج لائن کے افتتاح سے متعلق پوچھے گئے سوال پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا 10 دسمبر کو ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں اور نہ ہی اپنے نام کی تختی لگا رہے ہیں، 10 دسمبر کو اورنج لائن ٹرین کے مکمل روٹ کا ٹرائل رن کر رہے ہیں۔وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کا کہنا تھا عمران خان اور ان کے وزراء کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں تختیاں لگانے پر نہیں۔
اورنج ٹرین

مزید :

صفحہ اول -