بد عنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم، کرپشن کرینگے نہ کسی کو کرنے دینگے: عثمان بزدار

    بد عنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم، کرپشن کرینگے نہ کسی کو کرنے دینگے: عثمان ...

  



لاہور،اسلام آباد(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، کرپشن کے خلاف بھرپور طریقے سے جہاد کریں گے،نہ کرپشن کریں گے نہ کسی کو کرنے دیں گے۔وزیراعظم آفس اسلام آبادمیں پنجاب اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ کی پنجاب کرپشن کمپلینٹ ایپ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بہت مختصر مدت میں 132ارب روپے کی اراضی قابضین سے واگزار کروائی گئی،پونے پانچ ارب روپے وصول کیے جبکہ2ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیاگیا اور32ہزار شکایات کا ازالہ کیا اور10ہزار انکوائریاں مکمل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب اورانصاف پاکستان تحریک انصاف کابنیادی ایجنڈا ہے احتساب اورانصاف کے بغیرکوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ہم احتساب اورانصاف کے ایجنڈے کی تکمیل کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کرپشن کمپلینٹ ایپ کا اجراء پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کیلئے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔رشوت ستانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کمپلینٹ ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے ہوئے آن لائن ویڈیو،تصاویر اورشکایات اپ لوڈ کرسکتے ہیں اورٹریکنگ سسٹم سے گھر بیٹھے اپنی شکایات کے سٹیٹس کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں کرپشن اوربدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر مہم کے نتیجہ خیز اثرات سامنے آرہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے آگے بڑھیں اوراپنا بھر پورکردارادا کریں۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول