نیول چیف سے ایرانی ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

نیول چیف سے ایرانی ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

  



 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ایرانی بحریہ کے کمانڈر، ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچے تو پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آ ف آنر پیش کیا گیا اور معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ملکوں کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ  دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں سمندری سلامتی اور امن کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں معزز مہمان کو بریفنگ دی گئی جس میں انہیں آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ کمانڈر ایرانی بحریہ کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ 

ایرانی کمانڈر

مزید : صفحہ اول