سرگردھا میں پھاٹک پر پھسنے ڈمپر سے ٹرین کی ٹکر، اسسٹنٹ ڈرائیو ر جاں بحق، متعدد مسافر زخمی
سرگودھا،نشتر آباد،لاہور(بیورورپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک
جنرل رپورٹر،لیڈی رپورٹر)سرگودھا سے لاہور جانے والی 123 اپ ٹرین نشتر آباد کے قریب کھلے پھاٹک پر پھنسے بجری سے لوڈ ڈمپر نمبر 313 ایف ڈی آئی سے ٹکرا گئی، انجن الٹ کر پٹڑی سے اتر گیا، جس کے نتیجہ میں ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق ہو گیا جبکہ متعدد مسافروں کو معمولی خراشیں آئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ علی الصبح بجری سے لوڈ ڈمپر نشتر آباد کے مقام پر واقع کھلے پھاٹک میں پھنس گیا، کہ اس دوران سرگودھا سے لاہور جانے والی ٹرین پہنچ گئی، جو ڈمپر سے ٹکرانے سے اسسٹنٹ ڈرائیور وسیم ارشاد ساکن لاہور موقع پر جاں بحق ہو گیا، انجن الٹنے کے باعث ٹرینوں کی آمدوفت دوپہر تک معطل رہی۔ حادثہ پھاٹک کھلا ہونے کے باعث پیش آیا۔ چھ گھنٹے کوشش کے بعد ریلوے کے عملہ نے کرین منگوا کر روٹ کو کلیئر کیا اور آمدورفت بحال کروائی، پولیس نے ڈمپر قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے، ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے حادثے میں اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور کے جاں بحق ہونے پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔علاوہ ازیں ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق حادثے میں ڈرائیورعبدالمجید محفوظ رہا۔ ڈویڑنل افسران نے موقع پر پہنچ کر ریلیف کاموں کی خود نگرانی کرتے ہوئے 12بج کر 5منٹ پر ٹریک کوبحال کیا، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے فوری طور پر حادثے کی انکوائری کا حکم دیا۔
ٹرین حادثہ