سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی: راولپنڈی میں یٹسٹ کرکٹ کا میلہ کل سجنے کو تیار

سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی: راولپنڈی میں یٹسٹ کرکٹ کا میلہ کل سجنے کو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں 10سال بعدٹیسٹ کرکٹ کا میلہ (کل)بدھ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سجے گا۔پاکستان اور سری لنکا کے مابین 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11سے15دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔مہمان لنکن ٹیم دیمتھ کرونارتنے کی قیادت میں اسلام اآباد پہنچ گئی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔قومی کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی، پریکٹس سیشن میں پہلے رننگ اور فزیکل فٹنس پرکام کیا۔ اس کے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کروائی گئیں۔ مہمان سری لنکن ٹیم (آج)منگل کو پریکٹس کریگی،جسکے بعد دونوں کپتان ٹرافی کی رونمائی تقریب اور مشترکہ پریس کانفرنس کریں گئے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم دیمتھ کرونارتنے کی قیادت میں پاکستان پہنچ گئی ہے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن سپ سیریز کا پہلا ٹیسٹ (کل) بدھ سے 15 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔دیمتھ کرونارتنے سری لنکن ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انجیلو میتھیوز، چندیمل، کوسال پریرا، نیروزن ڈکویلا، سنداکان، کاسون راجتھا، وشوا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، لاستھ ایمبولدینیا، دلروان پریرا، دھنجایا ڈی سلوا، لاہیرو تھریمانے اور اوشاندہ فرنینڈو شامل ہیں۔ مہمان سری لنکن ٹیم (آج)منگل کو پریکٹس کریگی۔پیر کی صبح پاکستان کرکٹ ٹیم نے 10بجے سے 1بجے تک پریکٹس کی۔ پریکٹس سیشن میں پہلے رننگ اور فزیکل فٹنس پرکام کیا۔ اس کے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کروائی گئیں۔ ہیڈ کوچ اوربیٹنگ کوچ مصباح الحق نے امام الحق کو بیٹنگ تکنیک درست کرنے کیلئے ٹپس بھی دیں۔ انھوں نے نیٹ پر بیٹنگ پریکٹس کے دوران بھی امام الحق کی تکنیک کا جائزہ لیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی ٹیسٹ کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے، سیریز کے لئے ٹکٹوں کی مالیت صرف پچاس روپے مقرر کی گئی ہے، پی سی بی نے ملک میں 10 سال بعد طویل فارمیٹ کے کھیل کی واپسی پر جاوید میانداد اور بندولاورناپورا کو بطور مہمان خصوصی راولپنڈی ٹیسٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کرکٹ میچ کی سیکیورٹی کو سیکٹرز اور سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز اور سی پی او راولپنڈی نے ملازمین کو ڈیوٹی اور سیکیورٹی کے بارے میں ہدایات جاری کردیں۔سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے 4500 کے قریب افسران و ملازمین سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع سے بھی پولیس کی بھاری نفری منگوائی گئی ہے۔سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی خاطر جدید سائنسی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے شائقین کو واک تھرو گیٹ، میٹل ڈیٹیکٹر اور فزیکل چیکنگ کے علاوہ بائیو میٹرک تصدیق بھی کروانا ہوگی۔اسٹیڈیم آنے والے افراد کی مکمل تلاشی ہوگی۔ کوئی بھی شخص فزیکل چیکنگ کے بغیر داخل نہیں ہوسکے گا۔