وسیم اکرم پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئر مین بننے کے مضبوط امیدوار

  وسیم اکرم پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئر مین بننے کے مضبوط امیدوار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان وسیم اکرم کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنائے جانے کا امکان ہے۔وسیم اکرم اس وقت کرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے کرکٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے دستبردار ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا ہے۔بورڈ ذرائع کے مطابق وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کی سربراہی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، بورڈ نے اس حوالے سے سابق کپتان سے ابتدائی بات چیت کی ہے اورجلد اس معاملے کو حتمی شکل دی جاسکتی ہے۔ وسیم اکرم کی رضامندی کی تصدیق کے بعد چند روز میں باقاعدہ اعلان کیا جاے گا۔پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کو مکمل با اختیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے اب کرکٹرز ہی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ مصباح الحق بھی ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کرکٹ کمیٹی سے الگ ہوچکے ہیں۔کمیٹی کے دیگر اراکین کیلئے بھی کرکٹرز سے ملاقات مہم شروع کی جارہی ہے، نئی کرکٹ کمیٹی میں وسیم خان بورڈ کے واحد نمائندہ ہوں گے۔ان کے علاوہ بورڈ کا کوئی دوسرا عہدیدار شامل نہیں ہو گا۔پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا اعلان اگلے دو ہفوں میں کر دیا جائیگا، بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے قبل کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوگا، کرکٹ کمیٹی کے تمام ارکان بغیر معاوضہ کام کریں گے۔ اجلاس میں شرکت، رہائش اور ڈیلی الاونس ضرور انہیں ملا کرے گا۔کرکٹ کمیٹی ہیڈیوچ، چیف سلیکٹر سمیت ہر اس آفیشل کو بلاکر باز پرس کرسکے گی جو ٹیموں کے ساتھ ذمہ داریاں نبھارہا ہوگا۔