خیبرپختونخوا نے پی سی بی انڈر16کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)خیبرپختونخوا نے پی سی بی پیپسی انڈر16تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا،پی سی بی پیپسی انڈر 16 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو ایک اننگز اور 55 رنز سے شکست دے دی۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے میچ کے دوسرے روز 3وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو عباس علی نے سنچری اسکور کی۔ وہ 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔179 رنز کے خسارے کا شکار ناردرن کی ٹیم دوسری اننگز میں 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر محمد عرفان نے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
فاسٹ باؤلر محمد عمر نے دوسری اننگز میں 5وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ناردرن کی ٹیم پہلی اننگز میں 113 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ایونٹ کی فاتح ٹیم کو تین لاکھ جبکہ رنرزاپ کو دولاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔خیبرپختونخوا کے عباس علی کو ایونٹ کا بہترین بلے بازجبکہ محمد عرفان کو بہترین باؤلر قرار دیا گیا۔ مین آف دی فائنل عباس علی کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قراردیا گیا۔