انگلینڈ ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں پاکستان کو 75رنز سے ہرادیا

انگلینڈ ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں پاکستان کو 75رنز سے ہرادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوالالمپور (اے پی پی) انگلینڈ ویمن نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمن کو 75 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستان ویمن 285 رنز کے تعاقب میں 209 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ڈینی ویٹ اور ٹیمی بیومونٹ نے شاندار سنچریاں بناکر انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، ڈینی ویٹ کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ پیر کو کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے، اوپنرز کے مابین 188 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی، ڈینی ویٹ نے 110 اور ٹیمی بیومونٹ نے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان ہیتھر نائٹ نے 41 رنز بنائے، رامین شمیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44.4 اوورز میں 209 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان بسمعہ معروف نے 69 رنز بنائے، دیگر بیٹرز میں عالیہ ریاض 39، عمائمہ سہیل 29، جویریہ خان 19 اور ندا ڈار 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ انگلینڈ ویمن کی جانب سے کیٹ کراس نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں، سیرا گلین اور کیتھرین برنٹ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔