سری لنکا کیخلاف مکمل تیاری کیساتھ میدان میں اتر یں گے: عثمان شنواری شان مسعود
اسلام آباد (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم پریس کانفرنس میں کیا، انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ بحال ہورہی ہے اور پنڈی کی پچ فاسٹ بولرز کو سپورٹ کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ کافی عرصے بعد ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ میچ کھیلیں گے، ہوم گراونڈ اور ہوم کراوڈ کے سامنے کھیلنے کا اپنا مزہ ہے اور کوشش کریں گے کہ ہوم گراؤنڈ میں ہماری شاندار کارکردگی ہو۔ انہوں نے کہا کہ وقار یونس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے اور ٹیسٹ میچز کو آسان نہیں لیں گے اور پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے شائقین سے درخواست کی ہے کہ سٹیڈیم آئیں اور دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ سری لنکا کیخلاف ون ڈے جیسی کارکردگی دکھاؤں اورٹیم کا مورال بلند ہے۔ اس موقع پر اوپننگ بیٹسمین شان مسعود نے کہاکہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ٹیم بھیجی ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں ہوم کنڈیشنز بہت اہم ہوتی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ روز تک اچھی کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت خوش ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی میچ آسان نہیں ہوتا ہے، آسٹریلیا میں کی جانے والی غلطیوں اور کمزوریوں پر قابو پائیں گے۔ آسٹریلیا کا دورہ بہت مشکل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ میں بہتر ریکارڈ ہوتا ہے اور ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ بہت ضروری ہے۔ دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ آئی ہے جس سے ملک میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا اور شائقین کو دیکھنے کا اچھا موقع ملے گا۔