لیسکوکاصارفین کی شکایات کے ازالے کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد
لاہور(پ ر) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب اور سیکرٹری توانائی عرفان علی کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری ہے۔ اس ضمن میں لیسکو کے ساؤتھ سرکل کی کوٹ لکھپت ڈویڑن جبکہ اوکاڑہ سرکل کی اوکاڑہ ڈویڑن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ساؤتھ سرکل میں لگائی جانے والی کھلی کچہری کی صدارت ایس ای منظور حسین نے کی جس میں ایکسئین کوٹ لکھپت شہزاد چٹھہ، سرکل کے ڈی سی ایم محمد کامران مظہر،ایس ڈی او اور آر اوزنے شرکت کی۔اس کھلی کچہری میں ان کو مختلف نوعیت کی11شکایات موصول ہوئیں جن میں سے انہوں نے9شکایات کا موقعے پرہی ازالہ کروایا جبکہ ایل ٹی لائینوں اور میٹر کی تبدیلی کے حوالے سے موصول شدہ 2شکایت کا متعلقہ افسران کو جلد ازجلد ازالہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اسی طرح اوکاڑہ سرکل میں لگائی جانے والی کھلی کچہری کی صدارت ایس ای اللہ یار خان نے کی جس میں چیف انجینئر پی اینڈ ڈی عمانوایل سردار نے بھی شرکت کی۔ ایکسئین اوکاڑہ چوہدری شاہد محمود، سرکل کے ڈی سی ایم محمد اکرم،ایس ڈی او اور آر اوزبھی موجود تھے۔اس کھلی کچہری میں ان کو مختلف نوعیت کی24شکایات موصول ہوئیں جن میں سے انہوں نے11شکایات کا موقعے پرہی ازالہ کروایا جبکہ ایل ٹی لائینوں اور میٹر کی تبدیلی کے حوالے سے موصول شدہ13شکایت کا متعلقہ افسران کو جلد ازجلد ازالہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس کھلی کچہری کا مقصد صارفین کی سہولت اوران کی شکایات کا فی الفور ازالہ ممکن بنانا ہے۔ ایس ای ساؤتھ منظور حسین، ایس ای اوکاڑہ اللہ یار خان اور چیف انجینئر پی اینڈ ڈی عمانوایل سردار نے چیف ایگزیکٹولیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کی جانب سے جاری کردہ خصوصی ہدایات کے پیش نظر نہ صرف لیسکو صارفین کے بجلی بلوں سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ کیا بلکہ دیگر معاملات اور مسائل بھی سنے۔
کھلی کچہری میں آنے والے صارفین نے لیسکو کے اس عمل کا خیر مقدم کیا اورامید ظاہر کی کہ لیسکو آئندہ بھی صارفین کی سہولت کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ بروز ہفتہ لیسکو کے تمام سرکلز میں کھلی کچہریاں لگائی جارہی ہیں جہاں متعلقہ سرکل کے ایس ایز بذات خود کھلی کچہری کے صدارت کرتے ہیں اور ان کی ٹیم صارفین کے شکایات کا اسی جگہ پر ازالہ کرتی ہے۔