اتحادی جماعتیں پی ٹی آئی کے ساتھ،مڈٹرم الیکشن نہیں ہونگے،انصر مجید
لاہور(خبرنگار) وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصرمجید خان نے کہاہے کہ ای سی ایل میں وزیراعظم کا نام دیکھنے کے خواب دیکھنے والے اپنا نام تو پہلے نکلوا لیں،جس کی کشتی عوام کے ووٹوں کی طاقت سے اْبھری ہو اْس کو نااہل سیاستدان ڈبو نہیں سکتے۔مولانا صاحب دھرنا ناکام ہونے کے بعد بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک خصوصی بیان میں کیا۔ صوبائی وزیرانصرمجید خان نے مزیدکہاکہ مڈٹرم الیکشن نہیں ہوں گے۔تمام اتحادی جماعتیں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہیں اور حکومت کا حصہ ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کو ملک میں تبدیلی لانے کیلئے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔
عوام نے مفادات کی سیاست کی خاطر اپنا ضمیر بیچنے والوں کو مسترد کر دیا۔انصرمجید خان نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت تمام تر الزام تراشیوں کے باوجود ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔عوام کے حقوق پر شب خون مارنے والے آج آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیکچر دے رہے ہیں۔جھوٹ اور فریب کی سیاست نے کرپٹ سیاستدانوں کا دامن داغدار کر دیا۔
انصر مجید