صحت،تعلیم سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے،ہاشم ڈوگر
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل)ر (ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ ان کے مسائل کے ازالے اور ریلیف مہیا کرنے کے لیے جامع پالیسیاں مرتب کی گئی ہیں جن کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلی کچہری میں لوگوں کی شکایات اور مسائل سننے کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو تعلیم، صحت، اور خوراک سمیت زندگی کی تمام سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی نا اہلی کی وجہ سے ملک آج اس نہج پر پہنچ چکا ہے۔ ہم سب وزیراعظم عمران خان کی بہترین قیادت میں وطن عزیز کو مشکلات سے نکالنے اور اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا فوکس شارٹ ٹرم پلاننگ کی بجائے لانگ ٹرم پلان کی جانب ہے تاکہ عوام کو مستقل بنیادوں پر فائدہ ہو۔ صوبہ پنجاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہاشم ڈوگر نے کہا کہ حکومت ہر سیکٹر میں بہتری لانے کے لیے نئی اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔ ''احساس'' پروگرام جیسے اقدامات عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا ہی ایک منصوبہ ہے۔ محکمہ سماجی بہبود اور پاپولیشن ویلفیئر جیسے نظر انداز شعبوں پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کی جڑ آبادی میں بے قابو اضافہ ہے۔ہم سب کو اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے مل کر کام کرنا ہے جس کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا کردار ناگزیر ہے۔