پنجاب حکومت نے 15ماہ میں تبدیلیوں کے سواکچھ نہ کیا،جواد احمد
لاہور(نمائندہ خصوصی)چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قوم کے لئے بری خبر بن چکی ہے، ملک میں روٹی, روزگار،کاروبار،معیشت بند اور کہتے ہیں گھبرانا نہیں،15 ماہ کے دوران پنجاب حکومت نے وزیر اطلاعات،آئی جی اور چیف سیکرٹری کی تبدیلیوں کے سوا کچھ نہیں کیا ان کی نالائقی کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ ایجوکیشن، صحت،پولیس اور ٹیکس ریفامز تیار نہیں ہو سکیں۔
جبکہ پنجاب میں مسلسل میرٹ اور انصاف کا قتل ہورہا ہے ان باتوں کا اظہار انھوں نے پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اپنی گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ عام آدمی کا یہ مسئلہ نہیں کہ سٹاک ایکسچینج کتنے پوائنٹس اوپر نیچے گئی، غریب کو جب آٹا، دال،چینی اور گھی سستا ملے گا، وہ سمجھ جائیں گے کہ معیشت بہتر ہو گئی۔پندرہ ماہ میں مہنگائی 41 فیصدبڑھی جبکہ ترقی کی شرح 5.8 سے کم ہوکر 2.5 فیصد کی سطح پر آگئی اور عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں۔