انسانی حقوق کے عالمی دن پرخصوصی تقریبات کا آغاز

  انسانی حقوق کے عالمی دن پرخصوصی تقریبات کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(لیڈی رپورٹر)محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے دور روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا،پہلے روز الحمر اہال میں لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں کے نوجوانوں کے مابین پینٹنگز کا مقابلہ کروایا گیا۔ نوجوانوں نے اپنی فنی صلاحیت اجاگر کرتے ہوئے اپنی تصاویر میں کشمیر میں جاری بربریت کو بہترین انداز میں نقش کیا اور حاضرین سے خوب داد پائی۔ تقریب کا آغاز سیکرٹری انسانی حقوق طارق محمود نے کیا جبکہ ڈائریکٹر محمد یوسف نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیئے۔

صوبائی سیکرٹری انسانی حقوق طارق محمود نے نوجوانوں کے مابین مقابلوں کو دیکھا اورنوجوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔صوبائی سیکرٹری نے نوجوانوں سے اپنے مختصر خطاب میں تعلیم اور آرٹ پر زور دینے کی تلقین کرتے ہوئے کشمیر کے موضوع پر تصاویر بنانے کے عمل کو بھی بے حد سراہا۔انہوں نے پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوانوں میں انعامات جبکہ باقی نوجوانوں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں،بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ تقریب کا مقصد نوجوانوں میں انسانی حقوق کا جذبہ پیدا کرنا ہے اور اپنے آرٹ کے ذریعے دنیا بھر میں ایک پیغام پہنچانا ہے کہ ہم پاکستانی قوم پرامن اور محبت کرنے والے لوگ ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں آج انسانیت سسک رہی ہے اور126سے زائد روزگزر جانے کے باوجود بھی کشمیری تمام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں،جس پر جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پر امن احتجاج کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے بلکہ بھارت جان لے کہ ظلم بڑھتا بڑھتا ایک دن مٹ جاتا ہے۔