رائیونڈ کے عوام ماضی میں غلط ووٹ ڈالنے کی سزا بھگت رہے ہیں،اسد کھوکھر
رائے ونڈ (نمائندہ پاکستان) صوبائی وزیر ملک اسد علی کھوکھر نے رہنماء تحریک انصاف خالدمحمود بھٹی کے زیر اہتمام جلسہ رائے ونڈکالے خاں چوک میں شرکت کی اور ترقیاتی منصوبہ جات کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر ان کے ساتھ صوبائی رہنماء چودھری جاوید عمر اور رہنماء تحریک انصاف مبشر علی گوگا بھی موجود تھے۔کمپیئرنگ کے فرائض چیئرمین سول سوسائٹی الائنس ندیم اشرف سندھو نے انجام دئیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک اسد علی کھوکھر نے کہا کہ رائے ونڈ کے عوام سابقہ الیکشن میں غلط ووٹ ڈالنے کی سزا بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں رائے ونڈ پر لگائے اربوں روپوں کے ترقیاتی منصوبوں میں کروڑوں کی کرپشن کی گئی،جس کی وجہ سے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی میں شامل ن لیگی نمک خوار مصنوعی مہنگائی کرکے حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں،جلد مہنگائی کا خاتمہ کرکے عوام کو ان کی دہلیز تک ریلیف پہنچائیں گے۔انہوں نے کہارائے ونڈ میں دکانوں کی سیاست پر کروڑوں کی کرپشن بند کریں گے۔انہوں نے صوبائی رہنماء رانا جاوید عمر کو صوبائی حلقہ کا صدر نامزد کرنے کا اعلان کیا۔میزبان جلسہ خالد محمود بھٹی نے کہا کہ ان کا گروپ عوام ہیں،ہمارے خاندان کا منشوربے لوث عوامی خدمت ہے،صوبائی وزیر ملک اسد علی کھوکھر کا عوامی خدمت کا جذبہ دیکھ کر ان کے ساتھ شامل ہوئے ہیں۔بعدازاں خالد محمودبھٹی اور ان کے بھائی عبدالقدوس بھٹی نے مہمانوں کو اپنی رہائش گاہ بحریہ آرچڑ میں پرتکلف عشائیہ دیا۔