ایپکا کی آج قلم چھوڑہڑتال، سول سیکر ٹر یٹ کا گھیراؤ کیا جائیگا
لاہور (خبر نگار)ملک بھر کے سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حقوق کے لیے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔جس کے تحت پہلے مرحلے میں صوبائی سطح پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے، آج صبح سو ل سیکرٹریٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا اس حوالے سے ایپکا کے مرکزی صدر حاجی محمد ارشاد چوہدری نے گزشتہ روز لالہ محمد اسلم اور یونس بھٹی سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔اس موقع پر حاجی محمد ارشاد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھی سابق حکمرانوں کی طرح سرکاری ملازمین کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔جس پر سرکاری ملازمین سراپا احتجاج بن کر رہ گئے ہیں اور مجبوراً ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے لاہور سمیت ملک بھر میں سرکاری دفاتر میں مکمل بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ملازمین اپنے حقوق کی بحالی اور مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاجی دھرنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل لوکل گورنمنٹ کے دفتر سے سول سیکرٹریٹ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس کے بعد سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔جبکہ شیخوپورہ،ننکانہ،قصور اور فیصل آباد سمیت گوجرانوالہ،راولپنڈی میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا، ملازمین بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر قلم چھوڑ ہڑتال کریں گے اور اپنے اضلاع میں ریلیاں نکالیں گے انہوں نے کہا کہ اس میں ہر منگل کو صوبائی سطح پر صوبائی احتجاجی تحریک چلائی جائے گی اور 7جنوری 2020کو پنجاب اسمبلی جبکہ 14جنوری کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلہ میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا جائے گا۔