پاک مراکش جوائنٹ بزنس کونسل کا رباط میں ”بریانی فیسٹیول“

  پاک مراکش جوائنٹ بزنس کونسل کا رباط میں ”بریانی فیسٹیول“

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اور پاک مراکش جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین مرزا اشتیاق بیگ نے گزشتہ روز پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے مراکش کے دارالحکومت رباط میں ”بریانی فیسٹیول“ کا انعقاد کیا جس کا مقصد مراکش میں پاکستانی چاول متعارف اور ایکسپورٹس کو فروغ دینا تھا۔ اس سلسلے میں مراکش میں پاکستان کے سفیر حامد اصغر خان کی جانب سے منعقدہ تقریب میں 300 سے زائد معزز شخصیات نے شرکت کی جن میں سفیر پاکستان کی اہلیہ، مراکش سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین، میئر رباط سوا ط زیدی، فیڈریشن آف مراکش چیمبرز آف کامرس کے صدر، ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، مراکو پارلیمنٹ کی ممبر ابتسام ازوئی، امریکہ، فرانس، جرمنی کے سفراء، مراکش کے اعلیٰ حکام، معزز شخصیات اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے جن کی تواضح پاکستان سے اپنی ٹیم کے ہمراہ مراکش آنے والے معروف شیف گلزار کی بنی مختلف اقسام کی بریانیوں سے کی گئی جس نے مہمانوں کے دل موہ لئے۔ واضح رہے کہ ایف پی سی سی آئی کے 25 معروف بزنس مینوں پر مشتمل وفد سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کی قیادت میں مراکش کا دورہ کررہا ہے جس کی تشکیل میں مرزا اشتیاق بیگ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفد نے اپنے دورے میں سفیر پاکستان حامد اصغر خان اور اشتیاق بیگ کے ہمراہ مراکش فیڈریشن کے اعلیٰ حکام، او آئی سی کے اسلامک سینٹر برائے ڈویلپمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سیکریٹری جنرل اور مراکشی بزنس مینوں سے بی ٹو بی ملاقات کی۔ وفد نے سفیر پاکستان حامد اصغر خان اور مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ کے ہمراہ افریقہ اور مراکش کی سب سے بڑی بندرگاہ تنجیر میڈ کا دورہ بھی کیا اور مراکشی حکام سے پاکستان اور مراکش کی سمندری راستے باہمی تجارت پر تبادلہ خیال کیا۔ مراکش کو افریقہ کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے اور اُمید کی جارہی ہے کہ پاکستانی بزنس مینوں پر مشتمل وفد کے دورہ مراکش سے پاک مراکو باہمی تجارت و سرمایہ کاری میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔

مزید :

صفحہ آخر -