بینک اسلامی نے اپنے اداشدہ کپیٹل میں اضا فہ کردیا
کراچی (اکنامک رپورٹر)بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ نے 27 نومبر 2019ء کو اپنا 11 ارب روپے کا کل ادا شدہ سرمایہ پورا کرنے کے لئے ایک ارب روپے کا چھٹا رائٹ شیئر جاری کرنے کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔ بینک کے سرمایہ میں یہ اضافہ اس کی دیرپا ترقی میں اضافہ کرے گا۔ اپنے سرمایہ کو مزید مستحکم کرنے کی حکمت عملی کے تحت بینک اسلامی پاکستان پہلے اسلامی لسٹڈ ایڈیشنل ٹیئرTier))۔ 1 کیپیٹل ”عہد صکوک“ کے آئی پی او کا اعلان جلد کرے گا۔ عہد صکوک کا مجموعی حجم 2 ارب روپے ہے جس میں سے 300 ملین روپے کی پیشکش عام عوام کو کی جائے گی۔ اس صکوک پر بینک اسلامی کائبور تین ماہ(3 Months) پلس 2.75 فیصد تک متوقع نفع ماہانہ بنیادوں پر ادا کرے گا۔بینک اسلامی پاکستان،صف اول کے بینکوں میں سے ایک ہے جس کی 114 سے زیادہ شہروں میں 330 سے زائد برانچیں ہیں اور یہ کارپوریٹ، کمرشل، کنزیومر، ریٹیل بینکنگ اور انوسٹمنٹ بینکنگ سرگرمیوں میں بھرپور خدمات پیش کر رہا ہے۔ بینک اسلامی پاکستان میں پہلا بینک ہے جس نے ون ٹچ بینکنگ جو ”آپ کا انگوٹھا، آپ کا بینک“ کی سہولت پیش کرتا ہے، متعارف کرائی۔ بینک اسلامی نے 13 سال قبل 2006ء میں بائیو میٹرک اے ٹی ایمز کا آغاز کیا جس کے بعد بینک نے 2013ء میں کارڈ لیس اے ٹی ایمز اور 2017ء میں بینک کاؤنٹر پر چیک کے بغیر لین دین کا آغاز کیا۔ منفرد خصوصیات کے ساتھ اس سہولت سے صارفین بینک لین دین (پے آرڈرز، نقد رقوم کا حصول، دیگر بینکوں کو رقم کی منتقلی، یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی وغیرہ) چیک اور ڈیبٹ کارڈ کے بغیر اپنے انگوٹھے کے نشان کے ساتھ انجام دے سکتے ہیں۔