مہنگائی کیخلاف پورے سندھ میں احتجاج کرینگے، ن لیگ سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے کہا ہے کہ کرپشن فری حکومت کی دعویدار تحریک انصاف کے دور حکومت میں مہنگائی میں گزشتہ حکومتوں کی نسبت تقریبا 13فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے جو کہ گزشتہ تمام حکومتوں میں سب سے زیادہ ہے جبکہ کھانے پینے کی اشیاء میں ایک سال کے دوران تقریبا 16فیصد تک اضافہ ہوا، ان خیالات کا ا ظہار ا نہوں نے کراچی میں مسلم لیگ ن ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کیا، شبیر حسن انصاری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی وہ واحد حکومت ہے جس کو تاریخ ہر محاذ میں ناکام اور بری طر ح فلاپ ہونے والی حکومت میں یاد رکھے گی، پاکستان مسلم لیگ ن سندھ اپنی اعلی قیادت کی ہدایت پر لبیک کرتے ہوئے ملک میں بد امنی،بیروزگاری اور دن بدن مہنگائی میں اضافے کے خلاف حیدرآباد کے سارے علاقوں میں احتجاج کریگی، ڈسٹرکٹ حیدرآباد کے بعد احتجاج کا دائرہ کا ر پورے سندھ میں پھیلائیں گے اور عوام کو اس نا اہل حکومت سے چھٹکارا دلوا کر رہیں گے، انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کے پندرہ ماہ میں بجلی کے نرخوں میں سو فیصد جبکہ گیس کی قیمتوں میں دو سو فیصد تک اضافہ ہوا ہے، حکومت کے نااہل لوگوں نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کردیا ہے جبکہ حکومت عوام کو صرف تسلیاں دے رہی ہے، تحریک انصاف نے پندرہ ماہ میں بارہ ہزار ارب کا تاریخی قرضے لیا، عوا م کو بیروزگارکیا، بے جا ٹیکسز لگائے، مہنگائی اور لاقانونیت کی انتہا ہے پھربھی وزیر اعظم عوام کو کہتے ہیں کہ گھبرانا مت، انہوں نے کہا کہ عوام مر رہی ہے او ر وزیر اعظم تسلیوں اور آسروں سے کام چلا رہے ہیں، جب سے تحریک انصاف اقتدار میں آئی ہے عوا م سے کیے ہوئے وعدوں میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا، پی ٹی آئی نے صرف عوام کے ساتھ جھوٹ بولا ہے، اور جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والی حکومت زیادہ عرصہ عوام کا خون نہیں چوس سکتی، مسلم لیگ ن موجودہ حکومت سے عوام کے ساتھ کیے جانے والے مظالم اور ہر زیاد تی کا حساب لے گی۔
مہنگائی