ایک کروڑ ٹن سے زائد انار بیرون ملک سمگل کیے جانے کا انکشاف، تحقیقات شروع
اسلام آباد (ویب ڈیسک )کسٹم انٹلیجنس نے طورخم بارڈر پر کسٹم حکام کی ملی بھگت سے ایک کروڑ 40 لاکھ ٹن انار سمگلنگ اور فراڈکو پکڑ لیا جس سے قومی خزانہ کو درآمدی ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔روزنامہ جنگ کے مطابق کسٹم انٹلی جنس نے طورخم بارڈ ر پر تجارت کا ڈیٹا، گیٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج، گیٹ بک لیٹ، گاڑیوں کے اندراج کا ریکارڈ اور دیگر تفصیلات طلب کر کے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ڈائر یکٹرجنرل کسٹم انٹلی جنس و انوسٹی گیشن اسلام آباد محمد زاہد کھوکھر کی ہدایت پر کسٹم انٹلی جنس پشاور ریجنل آفس نے طورخم کے ذریعے افغانستان سے ہونے والی سمگلنگ کیخلاف سخت اقدامات شروع کر دیئے ہیں جس کے نتیجے میں یہ ہوشربا انکشاف سامنے آیا کہ افغانستان سے طورخم بارڈر کسٹم اسٹیشن پر تعینات کسٹم حکام اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے اسمگلنگ ہورہی ہے۔
اخبار کو دستیاب دستاویزات کے مطابق ڈی جی کسٹم انٹلی جنس نے چیئرمین ایف بی آرسید محمد شبرزیدی کو اس حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کردی ہے۔