ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر سابق کرکٹرز خوشی سے نہال، کس کا کیا کہنا ہے؟ آپ بھی جانئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکن کرکٹ ٹیم دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے جس پر قومی کرکٹرز اور عوام تو خوش ہیں ہی مگر سابق کرکٹرز بھی خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ہیں۔
سابق کرکٹر راشد لطیف نے کہاکہ ملک میں ایک دہائی بعد طویل طرز کا میچ ہونا بہترین لمحہ ہے، جب پاکستان نے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تو اس وقت میں پیدا بھی نہیں ہوا تھا مگر یقین ہے کہ اس روز بھی کرکٹ کے مداح اتنے ہی خوش ہوئے ہوں گے جتنے کہ آج ہیں۔
سابق وکٹ کیپر اور کپتان معین خان نے کہا کہ یہ سیریز ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے ساتھ اہم ترین فارمیٹ کے مستقل انعقاد کا سبب بھی بنے گی۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ ایک دہائی بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کیلئے اپنی ٹیم بھیجنے پر سری لنکن بورڈ کا مشکور ہوں اور مجھے یقین ہے کہ مداحوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم کا رخ کرے گی۔
سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف نے کہا کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی یقینا سنگ میل ہے، امید ہے دونوں ٹیموں کے درمیان بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ آل راﺅنڈر شعیب ملک نے کہاکہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی جذباتی لمحہ ہے۔ فاسٹ باﺅلر عمر گل نے کہا کہ مداح دونوں ٹیموں کوسپورٹ کرنے میدان میں آئیں کیونکہ اس موقع پر جیت صرف کرکٹ کی ہوگی۔