سری لنکا کیخلاف ایسے اوپنر کو ٹیم میں شامل کرنے پر غور شروع کہ پاکستانی خوشی سے نہال ہو گئے، جان کر آپ بھی بے حد خوش ہو جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکن کرکٹ ٹیم دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے جس پر پاکستانی شائقین کرکٹ خاصے پرجوش ہیں جبکہ یہ لمحہ اوپننگ بلے باز عابد علی کی زندگی کا یادگار ترین لمحہ بھی بن سکتا ہے کیونکہ ٹیم مینجمنٹ راولپنڈی ٹیسٹ میں انہیں آزمانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے نئی اوپننگ جوڑی میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے اور اس لئے ہی عابد علی کو مسلسل عمدہ کارکردگی کا صلہ سبز کیپ سر پر سجانے کی صورت میں مل سکتا ہے۔دورہ آسٹریلیا میں شان مسعود کے ساتھ اظہر علی نے پہلے ٹیسٹ میں اننگز کا آغاز کیا اور 75 رنز کی شراکت بنائی لیکن پھرصرف 13 کے سکور پر ابتدائی وکٹ گر گئی، اننگز کی شکست کے بعد فیصلہ ہوا کہ کپتان اظہر علی سے اوپننگ کرانے کے بجائے ریگولر اوپنر امام الحق کو موقع دیا جائے، مگر یہ تجربہ بھی ناکام رہا،اوپنرز صرف3اور2 رنز ہی جوڑ سکے۔
ون ڈے ڈیبیو پر سنچری بنانے والے بیٹسمین نے چار میچز میں پاکستان کیلئے 191رنز بنائے ہیں، وہ 105 فرسٹ کلاس میچز میں 7007ءرنز بنا چکے، ان کے کھیلنے کی صورت میں امام الحق کو باہر بیٹھنا پڑے گاجبکہ شان مسعود ان کیساتھ اننگز کا آغاز کریں گے تاہم حتمی فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے میچ سے کچھ دیر قبل ہی کیا جائے گا۔
آسٹریلیا کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں میں صرف 44 رنز بنانے والے افتخار احمد ہوم سیریز کے سکواڈ سے ہی باہر ہو چکے اور ان کی جگہ فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت متوقع ہے جنہیں 10سال بعد قومی ٹیسٹ کرکٹ سکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے۔ ٹیم میں تیسری تبدیلی محمد موسیٰ کی ہو گی جن کی جگہ 16سالہ نسیم شاہ کو کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔