والی بال میچ کے دوران خاتون کھلاڑی نے اپنے بچے کو دودھ پلانا شروع کردیا، تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی
ایزاول (ڈیلی پاکستان آن لائن)انڈیا کی شمال مشرقی ریاست میزو رام میں والی بال میچ کے دوران ایک خاتون کھلاڑی کی اپنے بچے کو دودھ پلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
میزو رام کے سٹیٹ گیمز کے دوران والی بال کا میچ جاری تھا جس میں دو ٹیموں کے مابین ایک پوائنٹ کیلئے جان توڑ محنت جاری تھی، اسی دوران ریفری نے ہاف ٹائم کا ہوٹر بجادیا۔ ہاف ٹائم ہوتے ہی ٹوئی کم علاقے کی نمائندگی کرنے والی خاتون کھلاڑی لال وینتلو آنگی فوری طور پر کورٹ سے باہر گئی اور اپنے 7 ماہ کے بچے کو دودھ پلانا شروع کردیا۔
خاتون کھلاڑی کی اپنے بچے کو دودھ پلانے کے دوران کسی نے اس کی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگوں نے ماں کے جذبے کو سراہنا شروع کردیا۔ یہ تصویر جب ریاست میزورام کے وزیر کھیل تک پہنچی تو انہوں نے اسے ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے نوجوان ماں کیلئے 10 ہزار روپے کی مالی مدد کا اعلان کردیا۔