نواز شریف کے خلاف پاناما ، زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاﺅنٹس کی جے آئی ٹی کے بعد ایک اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا اعلان کردیا گیا، یہ کس کے خلاف تحقیقات کرے گی؟
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل اکاﺅٹیبلٹی بیورو (نیب) کی جانب سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کے خلاف تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی ) بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پاناما کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بنائی گئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار سید خورشید شاہ کے خلاف نیب نے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل اور سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے تینوں قومی اداروں کو لکھے گئے خط میں ان سے وائٹ کالر جرائم کی تحقیقات میں ماہر افسران طلب کیے گئے ہیں، نیب نے اپنے خط میں کہا ہے کہ جے آئی ٹی خورشید شاہ کے خلاف تحقیقات کرے گی کیونکہ ریفرنس دائر کرنے سے پہلے جے آئی ٹی تحقیقات ضروری ہیں۔