ملکی میدان پر 10 سال بعد شیڈول پہلا ٹیسٹ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل تشویشناک خبر آ گئی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان کیخلاف دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے اور پہلا میچ کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
شائقین کرکٹ 10 سال کے طویل عرصے بعد ملکی میدان پر ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر انتہائی پرجوش ہیں اور بے صبری سے میچ شروع ہونے کے منتظر ہیں تاہم اس سے قبل ہی ان کیلئے تشویشناک خبر آ گئی ہے کہ یہ میچ بارش کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
موسم کا حال بتانے والی ویب سائٹس کے مطابق راولپنڈی میں 11 دسمبر کو تو موسم ابرآلود رہے گا اور کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے لیکن اگلے روز یعنی 12 دسمبر کو وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ دوپہر کے وقت تیز بارش بھی ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ 13 اور 14 دسمبر کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔