حکمران اور لیڈر میں کیا فرق ہوتاہے ؟ ڈاکٹر مصدق ملک نے وضاحت کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ حکمران اور لیڈر میں جوفرق ہوتاہے وہ یہ ہوتاہے کہ لیڈر جب بات کرتاہے تو جھوٹ نہیں بولتا اور عوام کواس کی بات پر یقین ہوتاہے کہ یہ سچی بات کرتاہے ۔
ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کا کام ہوتا ہے کہ غریب آدمی کیلئے گیس اور بجلی سستی کرے ، غریب آدمی کا مسئلہ یہ ہے کہ اس کو نوکری ملے لیکن نوکری جی ڈی پی بڑھنے سے ملتی ہے لیکن جی ڈی پی کم ہورہی ہے جس کا مطلب ہے کہ غریب کو نوکری بھی نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوگیا ہے ،یہ حکومت کتنی دیر کہتی رہے گی کہ ہم نئے ہیں؟ ان کوحکومت میں آئے ہوئے 16ماہ ہوگئے ہیں ۔ ان کو ذمہ داری لینی پڑے گی ۔
ڈاکٹر مصدق ملک کا کہناتھا کہ انسانی حقوق کا تحفظ آئین میں لکھا ہوا،آئین میں واضح لکھاہے کہ اظہاررائے کے حق اور ایسوسی ایشنز سے وابستگی پر پابندی نہیں ہے ۔ موجود حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔اس وقت ن لیگ کی قیادت یا توجیل میں ہے یا ضمانت پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران اور لیڈر میں جوفرق ہوتاہے وہ یہ ہوتاہے کہ لیڈر جب بات کرتاہے تو جھوٹ نہیں بولتا اور عوام کواس کی بات پر یقین ہوتاہے کہ یہ سچی بات کرتاہے ۔