ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل 
آپ کو کسی جکڑن کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے،جب تک اس کو ختم نہیں کریں گے صورت حال بھی ٹھیک نہیں ہو گی، اس لئے گھر میں اونچی آواز میں سورئہ بقرہ کی تلاوت لگایا کریں اور روزانہ 500بار یاحی یا قیوم کا ورد ضرور کریں ،خاندان والوں سے آج کل قدرے فاصلے پر رہیں، رسکی کام نہ کریں ،اپنی اولاد پر خاص طور پر گہری نظر رکھیں، تاکہ وہ غلط راستے پر جانے سے بچ جائے، ضروری ہے۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی 
پراپرٹی کے معاملات اور وراثتی امور میں ان دنوں اختلافات اور مشکلات کا سامنا ہے، آپ کو اپنا حق نہیں مل رہا ،کسی کو آپ اس کا حق نہیں لینے دے رہے۔ فوری طور پر حکمت عملی سے ان معاملات کو ٹھیک کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔دل کے حوالے سے اس کو قابو میں رکھنے کا مشورہ ہے۔ اندیشہ ہے جذباتی پن میں کوئی غلطی نہ ہو جائے، ویسے بھی مخالفین کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
آپ نے جو بھی فیصلہ کرنا ہے وہ اسی ہفتے کرلیں۔ اب کسی جانب قدم اٹھانا بے حد ضروری ہو گیا ہے اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی فیملی کو بھی محفوظ کرنا ہے جو لوگ عرصہ دراز سے روزگار کے حوالے سے پریشان تھے، اس میں محنت کریں تبدیلی بھی ممکن ہے، نیا سلسلہ بھی بن جانے کے امکانات روشن ہیں۔ یاد رہے کہ برسوں بعد یوں مال کا خانہ کھلا ہے کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
ایک مرتبہ پھر تبدیلی کی ہوا چل نکلی ہے۔ آپ کی خواہش کے مطابق ایسا ہوتا نظر آتا ہے جو لوگ کسی بھی جگہ بڑی مضبوطی سے بیٹھے تھے وہ بھی اپنی جگہ سے ہل جائیں گے۔ اگر خود کو ذہنی طور پر تیاررکھیں گے تو یہ تبدیلی پریشانی کے بجائے بہتری ہی لے کر آئے گی۔ آپ برسوں سے جو چاہ رہے تھے، اب ایسا ممکن ہوتا محسوس ہو رہا ہے اور جس بندش نے زندگی مشکل میں ڈالی ہوئی تھی، وہ اب مکمل ختم ہو چکی ہے۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
اب سستی اور لاپروائی سے کام مت لیں ، اگر آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے تو اس کو پوری محنت سے حاصل کریں۔ ستاروں کی چال بڑے عرصے کے بعد آپ کے حق میں ہوئی ہے۔ اب ان شاءاللہ بہت سے مسائل ختم ہوں گے۔ مخالفت کرنے والے بھاگ جائیں گے، مالی طور پر بہتری ملے گی، جس کام کے لئے قدم اٹھائیں گے اس کے ہونے کے امکانات روشن ہیں ،خاص طورپر بے روزگار افراد کو فائدہ ملے گا۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
اندرونی معاملات ٹھیک کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ آپ کو بھی اندازہ ہے کہ آپ کو اس میں کس قدر نقصان ہو رہا ہے۔ آپ کو حقوق العباد کا بھی خاص خیال رکھنا ہے اور جہاں جہاں غلطیاں ہوئی ہیں، ان کی فوری اصلاح کرنی ہے تاکہ آگے بڑھا جا سکے ،اگر ایسا نہ کیا توپھر آپ اسی پوزیشن میں رہیں گے اور ماسوائے وقت ضائع ہونے کے کچھ بھی ہاتھ نہیں آئے گا، اس لئے توبہ کرلیں۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
صحت کا خانہ مسلسل کمزوری اور بیماری ظاہر کر رہا ہے جبکہ بدنظری کی وجہ سے مختلف کاموں میں رکاوٹیں ظاہر ہو رہی ہیں، اس لئے آپ کو چاہیے کہ روزانہ اپنی نظر اتارکر گھر سے نکلا کریں، پرندوں کو خوراک ڈالیں، دریا کاپانی لا کر اس سے گھر میں چھڑکاﺅ کریں تاکہ ساری نحوست ختم ہو سکے۔ دوسروں سے جھگڑے سے گریز کریں۔ ہو سکے تو خود ہی پیچھے ہٹ جائیں، معاف کرنے والا زیادہ بڑا ہوتا ہے۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
صورت حال آزمائشی سی چل رہی ہے، ہر کام جیسے نحوست کا شکار ہو رہا ہے اور رکاوٹیں ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں، بعض اوقات ایسا بھی محسوس ہوتا ہوگاکہ کسی نے کچھ کر دیا ہے، اس صورت حال میں آپ کو چاہیے کہ نماز کی پابندی کریں، ہرنماز کے بعد 100مرتبہ اللہ الحبیب پڑھیں،500بار یاحی یا قیوم کا ورد بھی کرلیں گے تو ان شاءاللہ جلد ہی تمام پریشانیوں سے باہر آنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
لالچ کو اپنے اندر جگہ نہ دیں ،خاص طور پر دل کی حفاظت کریں، آپ عمر کے مطابق قدم نہیں اٹھا رہے جس کی وجہ سے معاملات میں خرابی بھی ہو سکتی ہے۔ لوگ عرصہ دراز جس بے تکی خواہش کے پیچھے لگے ہوئے تھے، وہ بُری طرح ناکام ہو سکتی ہے۔ ذہنی طور پر تیار رہیں، جن کو صرف روزگار میں مشکل تھی، وہ ان شاءاللہ دو تین یوم میں ہی اس میں خاطر خواہ بہتری حاصل کرلیں گے۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری 
ایک مرتبہ پھر گھر میں کسی وجہ سے کشیدگی دکھائی دے رہی ہے، اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو یہ بڑھ سکتی ہے۔ آپ کو وارننگ ہے جس قدر ممکن ہو جلدی کریں ۔ آپ جس حق کو حاصل کرنے میں بے چین ہیں، وہ فی الحال آپ کو نہیں ملے گا، انتظار کرنا پڑے گا ،لڑنے سے گریز کریں،اگر ایسا ہوا تو بہت سے رشتے خراب ہوں گے ، ویسے بھی رکھنے کے لئے اب کچھ بچا بھی نہیں ہے۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری 
ایک بار پھر قسمت مہربان ہو رہی ہے، پچھلے کافی دنوں سے جن معاملات میں مشکلات پیش آ رہی تھیں، وہ اب بحکم اللہ تیزی سے دور ہوتی محسوس ہو رہی ہیں۔ مالی طور پر خاص سلسلہ چل نکلے گا، بعض افرادکو دو مقام سے روزگار کے حصول میں آسانیاں ملیں گی ،بلاک رقم کی واپسی کے امکانات بھی اب روشن ہو رہے ہیں۔ قرض لینے اور دینے کے معاملات بھی آسان ہوں گے، ان شاءاللہ
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
ایک باہر کا شخص ذاتی زندگی میں مداخلت کر سکتا ہے، جو تعلقات میں خرابی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اپنے گھر کے اور خاندان کے معاملات دوسروں کے ہاتھوں میں نہ دیں ،کوشش کریں کہ خود ہی ان کو ٹھیک کیا جائے جو لوگ برسوں سے شدید مشکلات میں تھے اور ان کا کوئی ذریعہ نہیں بن رہا تھا، اب اللہ نے چاہا تو اتنا شاندار سلسلہ بنے گا کہ حیران رہ جائیں گے۔