مقبوضہ کشمیر: بھارتی پولیس نے یاسین ملک کو سرینگرسے گرفتار کر لیا
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو پارٹی کے دیگر تین رہنماﺅں کے ہمراہ اتوار کو سرینگر سے گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے سخت پابندیوں کے باوجود سرینگر میں لال چوک کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی۔مارچ کے شرکا جونہی لال چوک کے نزدیک پہنچے تو پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور محمد یاسین ملک، نو رمحمد کلوال، مشتاق احمد اور اشرف بن سلام کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار رہنماﺅں کو بعد میں کوٹھی باغ تھانے میں منتقل کیا گیا۔جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ نے مارچ کی کال نئی دلی کی تہاڑ جیل میںدفن تحریک آزادی کے شہید رہنماﺅں محمدمقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی میتوں کو مقبوضہ کشمیر منتقل کرنے کے مطالبے پر زور دینے کے لیے دی تھی تاکہ انکی شایان شان طریقے سے تدفین کی جاسکے۔