بگ تھری منصوبے کی منظور ی سے پیسہ اور لالچ جیت گےا،صادق محمد
لاہور ( سپورٹس رپورٹر )سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس میں بگ تھری منصوبے کی منظور ی سے پیسہ اور لالچ جیت گیا اور کرکٹ ہار گئی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بگ تھری آسٹریلیا ،انگلینڈ اور بھارت کی آئی سی سی پر اجارہ داری کا منصوبہ تھا جس میں وہ پیسے کے زور پر کامیاب رہے ہیں ۔پاکستان اور سری لنکا اپنے موئقف پر ڈٹے رہے لیکن ساﺅتھ افریقہ نے انہیں اندھیرے میں رکھ کر دھوکہ دیا ۔ساﺅتھ افریقہ کو کرکٹ اور پیسہ دونوں چاہئے اور اسی لالچ میں اس نے پاکستان اور سری لنکا کا ساتھ چھوڑا ۔ ساﺅتھ افریقہ کو پاکستان اور سری لنکا کا ساتھ چھوڑ کر پوری دنیا میں بدنامی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پیسے کے زور پر جو ایونٹ بھی منعقد کیا جائے گا کھیل کے لئے نقصان دہ ہوگا ۔گروہ بندی کے امکانات بڑھ جائیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ پی سی بی نے بگ تھری پر جو پوزیشن لی ہے اسے چاہئے کہ وہ اپنے موئقف پر آئندہ بھی ڈٹے رہیں ۔میرے خیال سے چوہدری ذکا ءاشرف شایدبگ تھری کی حمایت کے خواہش مند ہوں لیکن پاکستان عوام کے احساسات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے انہوں نے بھارت اور دیگر ملکوں کا ساتھ نہیں دیا ۔اگر پی سی بی بگ تھری منصوبہ کی حمایت کردیتا تو بھی بھارت کا ساتھ دینے پر اسے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ۔
صادق محمد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو کامیابی حاصل کرکے بگ تھری منصوبہ منظور کروانے والوں کو اپنی بھرپور اہمیت سے اگاہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حالیہ پرفارمنس دیکھتے ہوئے مجھے پوری امید ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پاکستان جیتے گا ۔