حکومت منافع بخش قومی اداروں کی نیلامی سے بازرہے‘ اشرف بھٹی

حکومت منافع بخش قومی اداروں کی نیلامی سے بازرہے‘ اشرف بھٹی

  

 لاہور(پ ر) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے منافع بخش قومی اداروں کی نیلامی سے بازرہے ۔ پیپلزپارٹی اپنے غیور ہنرمندوں ،مزدوروں اورمحنت کشوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔باشعورعوام نے وفاقی حکومت کی متنازعہ نجکاری پالیسی کومستردکردیا ہے بدنیتی کی بنیاد پر قومی اداروں کی نجکاری سے قومی معیشت پرانتہائی منفی اثر پڑے گا۔حکمران اپنے نجی اداروں کی بہتری کیلئے جواصلاحات کرتے ہیں وہ قومی اداروں کی بحالی کیلئے کیوں نہیں کرتے عوام نے صنعتکار حکمرانوں کوقومی اثاثوں کی فروخت کامینڈیٹ نہیں دیا اپنے ایک بیان میں محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ قومی اداروں کی نیلامی سے صرف حکمرانوں کے چہیتوں کوفائدہ ہوگاکیونکہ حکومت فرضی ناموں سے انہیں قیمتی اثاثے اونے پونے دام پر بیچے گی حکومت قومی معیشت کوچونالگانے کی کوشش نہ کرے ورنہ عوام اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پرآجائیں گے انہوں نے کہا کہ اگرحکمران قومی اداروں کواپ گریڈ اور ان کی خامیاں دورنہیں کرسکتے توفوری طورپر اقتدار چھوڑ دیں پاکستان شریف خاندان کے تجربات کیلئے معرض وجود میں نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ قومی اداروں اورحکمرانوں کے صنعتی اداروں کی انتظامی صورتحال میں زمین آسمان کافرق غور طلب ہے ۔ حالیہ دس مہینوں میں وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی سے صوبائی وزراءتک کسی کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کوڈیلیوراوران کی محرومیاں دورکرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔پاکستان کی بدحالی جبکہ حکمران خاندان کی معاشی طورپرخوشحالی ایک سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں صنعتکار حکمران ہوں گے وہاں مہنگائی اورکرپشن کادوردورہ ہوگا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -