گاڑی تیز چلانے پر وسیم اکرم کا چالان،خندہ پیشانی سے 500روپے جرمانہ دیدیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کا لاہور میں تیز رفتاری کے باعث چالان ہو گیا۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق پنجاب یونی ورسٹی نیو کیمپس کے قریب شاہ دی کھوئی سے ایک گاڑی انتہائی تیز رفتاری سے گزری، ٹریفک وارڈنز نے اس گاڑی تو روکا تو اس میں سابق کپتان وسیم اکرم موجود تھے، ٹریفک وارڈنز نے انہیں ویڈیو کے ذریعے ان کی گاڑی کی اسپیڈ بتائی جو کہ 78 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ ٹریفک قوانین کے مطابق 60 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ اسپیڈ سے گاڑی چلانا قانونی طور پر جرم ہے جس پر ٹریفک وارڈنز نے ان کا پانچ سو کا چالان کر دیا۔ وسیم اکرم نے چالان کی رسید خندہ پیشانی سے وصول کی اور شائستگی سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو گئے۔واضح رہے کہ چند روز قبل قومی ٹیم کے نوجوان کرکٹر عمر اکمل کو بھی لاہور میں تیز رفتاری کے باعث روکا گیا تھا تاہم انہوں نے ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کی جس پر انہیں ایک روز جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔
وسیم اکرم