گرین خیبر پختونخواہ مہم ، عمران خان کا گورنرہاﺅس کو خواتین پارک بنانے کا اعلان
پشاور(پاکستان نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گرین خیبر پختونخوا مہم کا افتتاح کر دیاجس دوران عمران خان نے گورنرہائوس کو خواتین پارک بنانے اور قلعہ بالاحصار کو خالی کراکر سیاحتی مقام بنانے کا اعلان کردیا۔افتتاحی تقریب پشاور یونیورسٹی کے فارسٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلی ٰ پرویز خٹک،تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی،جنرل سیکرٹری خالد مسعود،مرکزی رہنما ناز بلوچ ،صوبائی وزراءاراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور آئی ایس ایف کے نواجوانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔گرین پختونخوا مہم کیدوران صوبے میں 2بلین درخت لگائے جائیں گے، صوبے کے مختلف اضلاع میں نیشنل پارکس قائم کئے جائیں گے جبکہ پانی سے سستی بجلی بھی پیدا کی جائیگی۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرین پختونخوا مہم کی کامیابی کیلئے عوام کو بھی میدان میں آنا ہوگا۔مہم کے تحت صوبے میں دو بلین نئے درخت لگائے جائیں گے جبکہ مختلف علاقوں میں بڑے نیشنل پارکس بھی قائم ہونگے جن میں جنگلی حیات کو بھی رکھا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ مہم کے دوران پرانے پارکس سے تجاوزات مافیا کو نکال کر انہیں بحال کیا جائیگا جبکہ پلاسٹک کے استعمال پر بھی پابندی لگائی جائیگی۔انھوں نے کہا کہ گورنر ہاﺅس پشاور کو خواتین کا پارک بنائیں گے جبکہ قلعہ بالاحصار کو بھی جلد خالی کروا کر وہاں ریسٹورنٹس ،ہوٹل وغیرہ بنائیں جائیں گے،پشاور کی جیل کو بھی دوسری جگہ منتقل کر کے اس پر بھی پارک بنائیں گے۔انھوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی کرنیوالے ٹمبر مافیا کو جیل کی ہوا کھانی پڑیگی اور کسی سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔انھوں نے کہا کہ صوبے میں درخت کاٹنے پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔درختوں کے کٹنے کی وجہ سے قدرتی آفات کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے جبکہ گرمی بڑھنے کے علاوہ بیماریاں ،آلودگی بھی بڑھتی ہے اور خدشہ ہے کہ اگر یہ سلسلہ یونہی جاری رہا تو قحط بھی آ سکتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ملک بھر سے زیادہ جنگلات ہیں ۔صوبے میں 37ہزار ایکڑ زمین پر نئے جنگلات لگائے جائیں گے جبکہ پرانے جنگلات میں جہاں کٹائی ہوئی وہا ں نئے درخت لگائے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ درخت لگا کر ماحولیاتی آلودگی ختم کرینگے جس کے نتیجے میں دریابھی صاف ہونگے جبکہ اپنی بجلی بھی بنائی جائیگی۔عمران خان نے کہا کہ نیشنل پارکس کی نگرانی گوگل ارتھ کے ذریعے کی جائیگی۔انھوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے جنگلات کی اہمیت کو سمجھنا ہو گا ۔گلیات میں 32 ریسٹ ہاﺅسز لیز پردیں گے تاکہ آمدن بڑھ سکے۔ آمدنی سکولوں اور ہسپتالوں پر خرچ کرینگے۔انھوں نے کہا کہ مہم کا آغاز پشاور سے ہو گا اور پورے صوبے میں چلائی جائیگی۔عمران خان نے کہا کہ ڈالر کے پجاریوں نے ڈالر لیکر بیگناہ پشتونوں کا خون بہایا اور ملک کو میر صادق اور میر جعفر کی طرح بیچ ڈالا۔ان کا کہنا تھا کہ وقت ثابت کریگا کہ ڈالروں کیلئے اپنے لوگوں کا خون بہایا گیا۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ گرین پختونخوا مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیات فضل الہیٰ اور کو آرڈینیٹر گرین پختونخوا مہم امین اسلم نے بھی خطا ب کیا۔چیئرمین عمران خان کی یونیورسٹی آمد پر آئی ایس ایف کے نوجوانوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور نعرے لگائے۔