چینی زبان کورس میں عوامی دلچسپی‘ دائرہ کار دیگرشہروں تک بڑھانے کا فیصلہ

چینی زبان کورس میں عوامی دلچسپی‘ دائرہ کار دیگرشہروں تک بڑھانے کا فیصلہ

  

لاہور (خبرنگار خصوصی) ٹیوٹا نے چینی زبان کورس میں لوگوں کی دلچسپی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسے صوبہ کے دیگر شہروں میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں 3ماہ دورانیہ کا چینی زبان کا کورس راوالپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں شروع کیا جائے گا۔اس وقت ٹیوٹا نے 3ماہ دورانیہ اور ایگزیکٹو زاور بزنس کمیونٹی کیلئے بھی4 ماہ دورانیہ کا چینی زبان کے کورس کو لاہور میں شروع کر رکھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار چےئر پرسن عرفان قیصر شیخ نے چینی زبان کورس کی کلاسز کے حوالے سے جائزہ کاراجلاس میں کیا ۔چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ اس وقت 3ماہ کے چینی زبان کے کورس میں500سے زائد افراد نے تربیت حاصل کر لی ہے جبکہ ایگزیکٹو زاور بزنس کمیونٹی کیلئے کورس کو بزنس ایگزیکٹو زاور بزنس کمیونٹی کیلئے شروع کیا گیا 4ماہ دورانیہ کا پہلا گروپ اپریل تک تربیت حاصل کر لے گا۔4ماہ کے ایگزیکٹو چائنیز کورس کے نصاب کو وسعت دی گئی ہے تاکہ کاروباری افراد اور ایگزیکٹیوز کو چینی زبان کی آگہی ہو سکے۔ایگزیکٹو چائنیز کورس گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ لاہورمیں جبکہ جنرل چائینز لینگویج کورس کوگورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ لاہور اور گورنمنٹ ٹیکنکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ لاہور میں جاری ہے۔ ہر کلاس میں 50طلباء کی داخل ہونے کی گنجائش موجودہے ۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہا کہ دوسرے شہروں میں بھی چینی زبان کورس کے آغاز کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ سے نوجوان رابطہ کر رہے تھے۔ اب اس کورس کو دیگر شہروں میں بھی مرحلہ وار شروع کیا جا رہا ہے۔یہ کورس ان نوجوانوں کے لئے مدد گار ثابت ہو گا جو پاکستان میں چینی کمپنیوں اور چین میں نوکریوں کے مواقع حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

چینی زبان پر عبور حاصل کرنے پر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی رکاوٹوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ریگورلر کورس میں داخلے کیلئے اہلیت میٹرک ہے ۔لینگویج کورسزکو شروع کرنے کا مقصد چینی مارکیٹ میں پاکستان کی تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت کو قابل اور زیادہ مقبول بنانا ہے ۔چین کا پاکستان کے ساتھ معاشی اور اقتصادی تعاون عوام کیلئے خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔

مزید :

کامرس -